ممبئی،02/اگست (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) مہاراشٹر کے اپوزیشن پارٹیوں کے تمام لیڈر وی ایم کی مخالفت اور بیلٹ پیپر سے الیکشن کرائے جانے کی مانگ کو لے کر جمعہ کو ایک پلیٹ فارم پر نظر آئے۔ ان لیڈروں نے ای وی ایم پر عوام کا بھروسہ نہ ہونے کی وجہ سے بیلیٹ پیپر سے الیکشن کرانے کا مطالبہ کیا۔اپوزیشن کے لیڈروں نے اپنی مانگ کو لے کر 21 اگست کو ایک ریلی بھی نکالنے کی بات کہی۔ اس احتجاج میں کانگریس، این سی پی، مہاراشٹر نونرمان سینا سمیت مہاراشٹر کے قریب تمام اپوزیشن جماعتوں کے رہنما متحد نظر آئے۔ اپوزیشن کا مطالبہ ہے کہ مہاراشٹر میں آئندہ اسمبلی انتخابات بیلیٹ پیپر سے کرائے جائیں۔حال ہی میں یو پی اے کی صدر سونیا گاندھی اور ترنمول کانگریس صدر اور مغربی بنگال کی ممتا بنرجی سے ملاقات کرکے لوٹے مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس) سربراہ راج ٹھاکرے نے دعوی کیا کہ بیشتر ووٹروں کو ای وی ایم پر اعتماد نہیں ہے۔ راج ٹھاکرے نے ای وی ایم کو لے کر بی جے پی-شیوسینا پر بھی حملہ بولا۔ لوک سبھا انتخابات کے وقت بی جے پی کے خلاف ریاست بھر میں پرچار کرنے والے راج ٹھاکرے پہلی بار کانگریس کے رہنماؤں کے ساتھ مشترکہ پلیٹ فارم پر نظر آئے۔ این سی پی پہلے ہی ایم این ایس کو اپنے اتحاد میں شامل کرنے کے حق میں رہی ہے۔ اگرچہ ایم این ایس کو اتحاد میں شامل کرنے پر کانگریس کی طرف سے اب تک کوئی براہ راست جواب نہیں دیا گیا ہے۔اپوزیشن کی اس اتحاد سے پرکاش امبیڈکر نے دوری بنائے رکھی ہے، اس سے ایک بار پھر یہ صاف ہو گیا کہ وہ اپوزیشن کے ساتھ نہیں ہیں۔